جب سے پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں کپتانی کے حوالے سے بات کی تو نئے کپتان کے حوالے سے افواہیں چھڑ گئیں اور قومی ٹیم کی کپتانی کے لیے ایک بار پھر سابق کپتان بابر اعظم کا نام لیا گیا۔
نجی ٹیلی ویژن چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے سرکاری حلقوں میں بابر اعظم کو دوبارہ کپتان بنانے کے حوالے سے چہ مگوئیاں جاری ہیں اور یہ اطلاعات بھی ہیں کہ پی سی بی حکام نے سابق کپتان سے رابطہ کیا ہے۔ اس بات کے بھی اشارے مل رہے ہیں کہ بابر اعظم ٹورنامنٹ میں شرکت کے لیے ایبٹ آباد روانہ ہونے سے قبل بورڈ ممبران سے بات چیت کر سکتے ہیں۔
تاہم بابر اعظم نے ابھی تک کپتانی کی پیشکش قبول کرنے یا مسترد کرنے کا فیصلہ نہیں کیا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو کپتانی کی پیشکش کی گئی تو مختلف پہلوؤں پر بات کی جائے گی۔
گزشتہ سال نومبر میں مینجمنٹ کمیٹی کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹا دیا تھا اور بعد ازاں شاہین آفریدی کو قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان اور شان مسعود کو ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کیا تھا۔ معلوم ہوا ہے کہ قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم عمرہ کی ادائیگی کے بعد گزشتہ روز شام لاہور پہنچے تھے۔